دار العلوم دیوبند اعلان داخلہ 2024 طریقہ کار، ہدایات

عربی درجات میں جدید داخلے کے قواعد

(۱) دار العلوم دیو بند میں مختلف شعبہ جات ہیں، جن میں تخصصات، تکمیلات ، شعبۂ تحفظ سنت، شعبہ تحفظ ختم نبوت، شعبہ تحقیق و صحافت، شیخ الہند اکیڈمی ، شعبہ مطالعہ عیسائیت و دیگر مذاہب، شعبہ انگریزی زبان و ادب، شعبہ کمپیوٹر اور شعبہ دار الصنائع قدیم طلبہ کے لیے ہیں، بقیہ جماعتوں میں قدیم طلبہ کے بعد جو تعداد بچے گی اس کو جدید طلبہ سے مقابلہ کے امتحان کے ذریعہ پر کیا جائے گا، یعنی ہر جماعت کی مقررہ تعداد کو اعلیٰ نمبرات سے شروع کر کے پورا کیا جائیگا۔

(۲) جدید داخلے کیلئے آنے والے طلبہ کی سہولت کیلئے مجلس تعلیمی نے طے کیا ہے کہ تقسیم درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ ۲/ شوال ۱۴۴۵ھ مطابق ۱۲ / اپریل ۲۰۲۴ء جمعہ سے شروع کی جائے گی اور ۶ / شوال ۱۴۴۵ھ مطابق ۱۶ / اپریل ۲۰۲۴، سہ شنبہ تک مسلسل درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ کی تقسیم جاری رہے گی۔ روزانہ صبح کے وقت تقسیم کا سلسلہ رکھا جائے گا اور بوقت شام بعد ظہر سے جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

درخواست برائے شرکت امتحان کی فیس مبلغ = 100 روپیے ہوگی۔

نوٹ : اول عربی، دوم عربی ، سوم عربی، چہارم عربی مطلوب، نیز حفص عربی مطلوب، سبعہ دعشرہ مطلوب کا امتحان داخلہ ۸ / شوال ۱۴۴۵ھ مطابق ۱۸ / اپریل ۲۰۲۴ء پنج شنبہ سے شروع ہوگا۔ اور ان درجات کے لیے درخواست داخلہ کی تقسیم ۲ شوال ۱۴۴۵ھ مطابق ۱۲ / اپریل ۲۰۲۴ء سے ۵/شوال ۱۴۴۵ھ مطابق ۱۵ اپریل ۲۰۲۴ ء کی دو پہر تک ہو گی ۔ ۵ /شوال مطابق ۱۵ / اپریل کی شام تک درخواستوں کی واپسی ضروری ہوگی۔۶ /شوال مطابق ۱۶ / اپریل بروزسہ شنبہ نہ ہی درخواستوں کی تقسیم ہوگی اور نہ واپسی ہوگی۔

نوٹ :  پنجم عربی مطلوب ، ششم عربی مطلوب ، اور ہفتم عربی مطلوب کا امتحان داخلہ ۹ رشوال ۱۴۴۵ھ مطابق ۱۹ / اپریل ۲۰۲۴ء جمعہ سے شروع ہوگا اور دورہ حدیث شریف مطلوب کا امتحان ۱۰ رشوال ۱۴۴۵ ھ مطابق ۲۰ / اپریل ۲۰۲۴ء شنبہ سے ہوگا، اور ان درجات کے لیے درخواست داخلہ کی تقسیم ۲ /شوال ۱۴۲۵ھ مطابق ۱۲ /  اپریل ۲۰۲۴ء سے ۶ / شوال ۱۴۲۵ھ مطابق ۱۶ / اپریل ۲۰۲۴ء کی دوپہر تک ہوگی۔ ۶ / شوال مطابق ۱۶ / اپریل کی شام تک درخواستوں کی واپسی ضروری ہوگی۔ ۷ / شوال مطابق ۱۷ / اپریل بروز جمعہ نہ ہی درخواستوں کی تقسیم ہوگی اور نہ واپسی ہوگی۔

البتہ حفص اردو اور کتابت کے لئے درخواستوں کی تقسیم ۹ / شوال ۱۴۲۵ھ مطابق ۱۹ اپریل ۲۰۲۴، بروز جمعہ کی دوپہر تک رہے گی اور اسی دن شام تک درخواستیں جمع ہوں گی۔

۱۹ / شوال المکرم ۱۴۴۵ھ مطابق ۲۹ / اپریل ۲۰۲۴ ء بروز دوشنبہ برائے حفص اردو، حساب کا تحریری امتحان صبح آٹھ بجے دار الامتحان(جدید لائبریری) میں ہوگا۔
اور ان شاء اللہ ۲۳ / شوال ۱۴۴۵ مطابق ۳ / مئی ۲۰۲۴ء  بروز جمعہ صبح آٹھ بجے سے حفظ قرآن مع اردو کی پہلی و دوسری کتاب از مولوی محمد اسماعیل کا تقریری امتحان جدید لائبریری میں ہوگا۔

جدید امیدواروں کو سابقہ مدرسہ کے مہتمم اور صدر مدرس یا دونوں میں سے کسی ایک کا فون نمبر یا موبائل نمبر پیش کرنا لازمی ہو گا، تا کہ بوقت ضرورت ان سے رابطہ کیا جا سکے۔

(۳) سال اول، دوم اور سوم عربی میں داخلہ کیلئے کچھ کتابوں کا امتحان تقریری اور کچھ کا تحریری ہو گا۔ جس کی تفصیل آگے آرہی ہے ۔

(۴) دار العلوم دیو بند کے شعبہ دینیات فارسی (سال پنجم ) سے فارغ ہو کر آنے والے طلبہ کا اول عربی میں داخلے کیلئے امتحان نہیں ہوگا۔ البتہ فارسی پنجم کے سالانہ امتحان میں فارسی سے متعلق کسی کتاب میں اور فارسی کے علاوہ دیگر مضامین کی دو سے زائد کتابوں میں نا کام نہ ہونا لازم ہوگا، اور کم از کم ۶۵ اوسط حاصل کرنا بھی لازم ہوگا۔ دوسرے مدارس سے پڑھ کر آنے والے طلبہ کا تحریری و تقریری امتحان ہو گا جس کی تفصیل آگے آرہی ہے۔

نوٹ :  مجلس شوری منعقده ما محرم ۱۴۳۰ ھ نے سفارشی داخلہ کا کوٹہ بالکل ختم کر دیا ہے۔

(۵) سال اول میں داخلے کے لیے مالابد منہ کا تحریری امتحان ہوگا، مقررہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی سال اول مطلوب کے لیےحساب ( جمع، تفریق، ضرب، تقسیم ) کا تحریری اور گلستاں علاوہ باب پنجم کا تقریری امتحان ہوگا۔

سال دوم میں داخلے کے لیے شرح ماتہ عامل کا تحریری امتحان ہوگا، مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی مندرجہ ذیل کتابوں کا تقریری امتحان ہوگا، میزان منشعب، پنج گنج، نحو میر ، مفتاح العربیہ ہر دو حصے،القراءة الواضحہ حصہ اول۔

سال سوم میں داخلے کے لیے ہدایۃ النحو میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی درج ذیل کتابوں کا تحریری امتحان ہوگا ، نفحۃ الادب مع نور الايضاح، اور علم الصیغہ،  فصول اکبری (خاصیات)، قدوری تا كتاب الحج ،مرقات ، القراءة الواضحہ حصہ دوم کا تقریری امتحان ہوگا۔

سال چہارم میں داخلے کے لیے کافیہ میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی درج ذیل کتابوں کا تحریری امتحان ہوگا، قدوری از کتاب البیوع تا ختم) مع ترجمہ قرآن (سورہ ق تا آخر) شرح تہذيب مع نفحۃ العرب۔

سال پنجم میں داخلے کے لیے ترجمۃ القرآن از سورة يوسف تا سورة ق مع دروس البلاغۃ میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی درج ذیل کتابوں کا تحریری امتحان ہوگا، شرح وقایہ جلد اوّل و جلد دوم (تاكتاب العتاق)، اصول الشاشی مع قطبی۔

سال ششم میں داخلے کے لیے ہدایہ اول میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی درج ذیل کتابوں کا تحریری امتحان ہوگا، مختصر المعانی مع نور الانوار، سلم العلوم مع مقامات حریری۔

سال ہفتم میں داخلے کے لیے ہدایہ ثانی مع حسامی میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی درج ذیل کتابوں کا تحریری امتحان ہوگا ، جلالین شریف، میبذی مع قصائد منتخبه از دیوان متنبی۔
نوٹ : درجہ ہفتم میں جدید داخلہ کی تکمیل کیلئے قرآن کریم صحیح مخارج سے پڑھنا لازم ہو گا۔ اور منتخب طلبہ کا امتحان لیا جائے گا۔ قرآن کریم صحیح مخارج سے سنانے کے بعد ہی فارم داخلہ دیا جائے گا۔

دورۂ حدیث میں داخلے کے لیے شرح عقائد مع نخبة الفكر میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی درج ذیل کتابوں کا تحریری امتحان ہوگا ، ہدایہ  آخرین مع سراجی، مشکوة شریف۔  واضح رہے کہ دورۂ حدیث کے داخلہ کی تکمیل کے لئے پارہ عم صحیح مخارج کے ساتھ حفظ ہونا ضروری ہوگا۔ اس کا امتحان بروقت لیا جائیگا۔ پارہ عم حفظ صحیح مخارج سے سنانے کے بعد ہی فارم داخلہ دیا جائیگا۔ (پارہ عم کا یہ امتحان حصول سند کے لیے تجوید کے قائم مقام نہیں ہوگا۔ )

(نوٹ) اول عربی تا برائے دورہ حدیث شریف اور حفص عربی، قراءت سبعہ، قراءت عشرہ کا پہلا پرچہ موقوف علیہ ہوگا، اس میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی بقیہ کتابوں کا امتحان ہوگا۔

(نوٹ) مقرر کردہ معیار کم از کم ۵۵ نمبر حاصل کرنا ہے۔

(نوٹ) حسب تجویز مجلس شوری ۱۴۴۴ ھ درجہ عربی اول سے دورۂ حدیث تک مقامی بچوں کا داخلہ بھی تقابل کی بنیاد پر ہی ہوگا۔

(نوٹ) اپنی سابقہ تعلیم کی کوئی بھی سند اگر کسی کے پاس ہو تو داخلہ فارم کے ساتھ منسلک کردیں۔

(۶) جو طالب علم اپنے ساتھ، کم سن بچوں کو لائے گا اس کا داخلہ ختم کر دیا جائے گا۔

(۷) جن امیدواروں کی وضع قطع طالب علمانہ نہیں ہوگی ، (مثلا: غیر شرعی بال رکھنا، ریش تراشیدہ ہونا، ٹخنوں سے نیچے پائجامہ ہونا، یادارالعلوم کی روایات کے خلاف کوئی بھی وضع ہونا) ان کو شریک امتحان نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی رعایت کی جائے گی۔

(۸) تمام جدید منتخب طلبہ کے لیے برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ مندرجہ ذیل دستاویزات میں سے کم از کم دو دستاویز کی ڈبل فوٹو کاپی دفتر تعلیمات میں پیش کرنا ضروری ہے اس کے بغیر فارم داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
راشن کارڈ ، شناختی کارڈ برائے ووٹ، نواس پر مان پتر ، آدھار کارڈ ، پاسپورٹ کی مصدقہ فوٹو کاپی، جس میں آدھار کارڈ لازم ہوگا۔
اصل کاپی دیکھنے کے لئے طلب کی جاسکتی ہے اس لئے اصل کاپی بھی ہمراہ لائیں اس میں مہلت نہیں دی جائے گی۔

(۹) ہر طالب علم کے لئے لازم ہوگا کہ وہ اپنے سر پرست کا ضمانت نامہ ہمراہ لے کر آئے اور فارم داخلہ کے ساتھ منسلک کرے۔ تاریخ ولادت بہت سوچ سمجھ کر لکھیں۔ ملحوظ رکھیں کہ ۱۸ سال سے کم عمر پر فراغت تسلیم نہیں کی جاتی نیز اپنا نام اور اپنے والد صاحب کا نام صحیح اور پورا پتہ فارم داخلہ پر ازخود بہت توجہ کے ساتھ لکھیں۔
فارم داخلہ کے ساتھ سرکاری آئی ڈی جمع کرنا لازمی ہے جس کے مطابق فارم پر کیا گیا ہو ۔ اس میں اگر آپ نے ذرا بھی لا پرواہی کی تو ضرور آپ کو پریشان ہونا پڑے گا، اور اس کا پھر کوئی حل ممکن نہ ہو گا۔

غیر ملکی امیدواروں کے لئے ہدایت

(۱) غیر ملکی امیدواروں کے لئے جمادی الثانیہ ، رجب المرجب اور شعبان صرف تین مہینوں میں N.O.C جاری کی جائے گی۔

(۲) غیر ملکی امیدوار تعلیمی ویزا لے کر آئیں، کسی دوسرے ویزا پر داخلہ نہیں ہو سکے گا، اگر کوئی غیر ملکی طالب علم تعلیمی ویزا کے علاوہ کسی دوسرے ویزا پر داخل ہو گیا تو جب بھی اس کا علم ہوگا فوراً داخلہ ختم کر دیا جائے گا، فارم برائے شرکت امتحان کے ساتھ پاسپورٹ اور تعلیمی ویزا کی فوٹواسٹیٹ کاپی پیش کریں، کامیاب ہونے پر اصل ویزا اور پاسپورٹ دکھلانا ضروری ہوگا۔ (واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند میں تعلیم و تدریس اردو زبان میں دی جاتی ہے اس لیے بقدر ضرورت اردو سیکھ کر آئیں )۔

(۳) ان امیدواروں کا داخلہ امتحان تحریری ہوگا۔ اور تاریخ کا اعلان وقت پر کیا جائے گا ) ۔

(۴) اور داخلہ ۵ / ذی الحجہ تک ہی ہو سکے گا۔

(۱) بنگلہ دیشی امیدواران تعلیمی ویزا کے علاوہ جناب مولانا قاری عبدالخالق صاحب جامعہ حسینیہ اسلامیہ عرض آباد، میرپور، ڈھا کہ یا حضرت مولانا بہاء الدین زکریا صاحب قاسمی جامعہ حسینیہ اسلامیہ عرض آباد میرپور، ڈھاکہ سے تصدیق بھی لے کر آئیں۔

(۲) افغانستان کے امیدواران تعلیمی ویزا کے علاوہ مولانا مفتی عبد المنان قاسمی کابل ، مولانا مفتی اسد اللہ قاسمی پکتیا ، مولانا عبدالحکیم قاسمی نجر بار، مولانا مظہر الدین قاسمی بدخشان، مولانا مفتی عبدالہادی سعادت قاسمی بیخ ، مولانا مفتی محب اللہ قاسمی ہرات اور مولانا حکمت اللہ قاسمی قندھار میں سے کسی ایک کی تصدیق لے کر آئیں۔ یہ تصدیق درخواست برائے N.O.C کے ساتھ فوٹو اسٹیٹ کی شکل میں پیش کرنی ہوگی، داخلہ فارم کے اجراء پر اصل تصدیق پیش کرنا ضروری ہوگا۔

(۳) کیرالہ کے امیدواران مولانا عبد الشکور قاسمی ,Darul Uloom, Njakanal 690526-Ochira Kerala سے تصدیق لے کر آئیں۔ یہ تصدیق درخواست برائے شرکت امتحان کے ساتھ فوٹواسٹیٹ کی شکل میں پیش کرنی ہوگی، داخلہ فارم کے اجراء پر اصل تصدیق پیش کرنا ضروری ہوگا۔

تنبیہ : طلبہ کو خاص طور پر یہ ملحوظ رکھنا چاہیے کہ امتحان کی کاپیاں کوڈ نمبر ڈال کر ممتحن کو دی جاتی ہیں اس لیے امیدوار صرف ان ہی درجات کا امتحان دیں جن کی وہ تیاری کر چکے ہیں۔

بوقتِ داخلہ جديد فارم میں جو نام ولدیت اور پتہ لكھا جائے گا اس میں آئندہ کبھی بھی کسی طرح کی ترمیم نہیں ہوگی۔ اس لئے نام، ولدیت اور پتہ سوچ سمجھ کر لکھیں۔ فارم داخلہ میں درج کیا ہوا پتہ غلط ثابت ہونے کی صورت میں نام خارج کر دیا جائیگا۔

قدیم طلبہ کے لیے

(۱) اول تا چہارم عربی کے طلبہ کے لئے ۷ ا/شوال تک حاضر ہونا ضروری ہے ۔ باقی عربی درجات کے طلبہ کے لیے ۲۰ شوال تک حاضر ہونا ضروری ہے۔

(۲) جو طلبہ تمام کتابوں میں کامیاب ہوں گے ان کو ترقی دی جائے گی، جوطلبہ دو کتابوں میں ناکام ہونگے ان کا ضمنی امتحان، شوال کے اخیر میں لیاجائیگا، بصورت کامیابی ترقی دی جائے گی ورنہ بلا امداد سال کا اعادہ کر دیا جائے گا، اعادہ سال کی رعایت صرف ایک سال کے لیے ہوگی اور اگر دوسرے سال بھی دو کتابوں میں ناکام ہو گئے تو داخلہ نہیں ہو سکے گا۔

نوٹ: جو طالب علم ایک یا دو کتابوں کے امتحان میں غیر حاضر رہے گا، اس کے نمبر ان کتابوں میں صفر شمار ہوں گے، ان کو ضمنی امتحان دینے کی سہولت حاصل نہیں ہوگی۔

(۳) سال اول عربی میں مشق تجوید کے اور سال دوم میں جمال القرآن کے نمبرات بسلسلہ ترقی درجہ، اوسط میں شمار ہوں گے، بقیہ سالوں میں تجوید و کتابت کے نمبرات بسلسلہ ترقی درجہ، اوسط میں شمار نہ ہوں گے؛ البتہ فوائد مکیہ کے نمبرات ترقی و اجرائے امداد کے سلسلے میں شمار کیے جائیں گے ۔

(۴) حسب تجویز مجلس تعلیمی اجرائے امداد کے لئے ۷۰ اوسط لانا شرط ہے اور بقائے امداد کے لیے ۶۰ اوسط لانا ضروری ہوگا۔ سال اول اور سال دوم عربی کیلئے ماہانہ امتحان میں اجرائے طعام کیلئے ۸۰ اوسط اور بقائے امداد کیلئے ۷۰ اوسط لانا ضروری ہوگا۔

(۵) ایک تکمیل کی درخواست دینے والے دوسری تکمیل کے امیدوار نہ ہوسکیں گے الا یہ کہ ان کے مطلوبہ درجہ تکمیل میں تعداد پوری ہونے کے سبب ان کا داخلہ نہ ہو سکا ہو۔

(۶) دار الافتاء کے فضلا کا کسی شعبہ میں داخلہ نہیں ہو گا تخصص فی الحدیث اس سے مستثنی ہے۔

(۷) تخصص فی الحدیث سے فراغت کے بعد کسی دوسرے شعبہ میں داخلہ ممکن نہ ہو گا۔ البتہ دار الافتاء اس سے مستثنی ہے تخصص فی الحدیث کے بعد افتاء میں داخلہ ہوسکتا ہے اور افتاء کے بعد تخصص فی الحدیث میں داخلہ لیا جاسکتا ہے ۔ ان دونوں تکمیلات سے فارغ ہونے والے طلبہ کا کسی دوسری تکمیل میں داخلہ نہیں ہو سکے گا، البتہ تدریب فی التدریس میں ہو سکتا ہے ۔

(۸) جس کی کوئی بھی شکایت دار الاقامہ، تعلیمات، یا اہتمام میں کسی بھی وقت درج ہوئی ہو، اس کو دورہ حدیث کے بعد کسی بھی شعبہ میں داخل نہیں کیا جائیگا۔

(۹) کسی بھی شعبہ میں داخلہ لینے والے قدیم فضلا کو اس شعبہ سے فراغت کے بعد ہی سند فضیلت دی جائے گی۔ تکمیل میں داخلہ لینے والے طالب علم پر لازمی ہوگا کہ وہ اس کی تکمیل کرے۔ اگر در میان سال میں تعلیم ترک کر دی تو سند فضیلت سال کے آخیر تک نہیں مل سکے گی۔

نوٹ: منقطع الدراسہ کا داخلہ کسی بھی تکمیل میں نہیں ہو سکے گا، البتہ چند شعبہ جات جیسے حفص اردو ، حفص عربی، شعبہ کتابت میں امتحان داخلہ دے کر حسب ضابطہ داخلہ لے سکتا ہے۔

دار العلوم دیوبند کا بنیادی کام اگر چہ عربی دینیات کی تعلیم ہے ، لیکن حضرات اکابر نے مختلف دینی اور دنیوی فوائد اور مصالح کے پیش نظر متعدد تکمیل تخصص اور شعبے قائم فرمائے ہیں، ان میں داخلہ کیلئے درج ذیل قواعد پر عمل ہوگا۔

 

تکمیلات و تخصصات

تدريب في التدريس

مجلس شوری منعقدہ ماہِ صفر المظفر ۱۴۳۷ھ نے اس شعبہ کے دوبارہ اجراء کا فیصلہ کیا ہے، اس تدریب کیلئے دارالعلوم کے دورہ حدیث اور تکمیلات و تخصصات کے اعلی و امتیازی نمبرات سے فارغین متصل الدراسہ طلبہ ہی امیدوار بن سکتے ہیں درخواستیں بعد رمضان ۱۱ شوال تک قبول کی جائیں گی۔ ان لائق و فائق امیدواروں میں سے بذریعہ انٹرو یو دو یا حسب ضرورت دو سے زائد امیدواروں کا انتخاب ہوگا، یہ انتخاب دو سال کے لیے مرحلہ وار ہو گا ، سال اول میں کار کردگی عمدہ ہونے اور کسی طرح کی شکایت موصول نہ ہونے پر ہی دوسرے سال کے لیے منتخب کیا جائے گا، منتخب طلبہ کا وظیفہ بھی ہوگا۔

يه فضلاء خالص تدریس کیلئے تیار کئے جاتے ہیں اس لئے آئندہ کسی دوسرے درجہ میں داخلہ لینے کے مجاز نہیں ھونگے۔

 

تکمیل افتاء

(۱) تکمیل افتاء میں داخلہ کے امیدواروں کے لیے وضع قطع کی درستگی کی اہمیت سب سے زیادہ ہوگی، اس میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

(۲) حسب تجویر مجلس تعلیمی منعقده ۸/ جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ ھ دورۂ حدیث سے تکمیل افتاء کے لیے صرف وہ طلبہ امیدوار ہوں گے جن کا اوسط کامیابی ۸۴ فیصد ہوگا۔

(۳) کسی تکمیل سے تکمیل افتاء کا امیدوار بننے کیلئے حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده تکمیل افتاء ۸ جمادی الثانیه ۱۴۴۳ ھ ۸۶ اوسط لانا ضروری ہوگا۔

(۴) مجلس شوری منعقدہ ۱۴۴۴ ھ نے تکمیل افتاء کے داخلہ میں صوبائی کو یہ ختم کر دیا ہے، ۴۰ طلبہ صرف تقابل کی بنیاد پر لیے جائیں گے۔ جن میں مقامی طلبہ بھی شامل ہوں گے ۔ اور اس تعداد کو مکمل کر لینے کے بعد اساتذہ و ملازمین کے بچے لازمی نمبرات کے معیار کے ساتھ بلا تقابل داخل کیے جاسکیں گے ۔

نوٹ: حسب تجویز مجلس شوری دورہ حدیث شریف میں پوزیشن لانے والے طلبہ اگر افتاء کے امیدوار بننے کی شرط پوری کر رہے ہیں تو بغیر تقابل ان کو منتخب کیا جائیگا۔

افتاء میں داخلہ کی درخواست دینے کی آخری تاریخ ۲۱ شوال ہے۔

 

تخصص فی الافتاء

(۱) حسب تجویز مجلس شوری منعقده ۲۱،۲۰ شعبان ۱۴۳۳ تخصص فی الافتاء کے نصاب پر غور کیا گیا ، جمادی الثانیہ ۱۴۳۶ھ میں نیا نصاب منظور ہوا ہے، شوال ۱۴۳۶ھ سے اس نصاب پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔

(۲) تکمیل افتاء میں ممتاز نمبرات سے کامیاب ہونے والے دس طلبہ ہی تخصص فی الافتاء کے لئے امیدوار بن سکتے ہیں، اور ان میں سے دو کا انتخاب ہوتا ہے؛ لیکن دار الافتاء میں جمع شدہ استفتاءات کی بناء پر مجلس تعلیمی منعقدہ ۵ رجب ۱۴۴۵ ھ نے اس تعداد میں مزید دو کا اضافہ منظور کر لیا ( یعنی کل ۴ طلبہ ) اور یہ بھی طے کیا کہ بوقت انتخاب شعبہ مطالعہ شامی کے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔

(۳) تخصص فی الافتاء میں داخلہ کے لیے سالانہ اوسط کے ساتھ تکمیل افتاء کے سال لکھی ہوئی تمرین کی کاپی کی بھی بذریعہ اہتمام جانچ ہوگی، امیدوار کو ۱۱ شوال تک حاضر ہو کر داخلہ کی درخواست کے ساتھ تمرین کی کاپیاں اہتمام میں پیش کرنا ضروری ہوگا۔

(۴) تخصص فی الافتاء سال اول کے طلبہ کے لیے ۱۰؍ رجب تک تمرین کی کا پیاں اہتمام میں پیش کرنا ضروری ہوگا، اسی پر تخصص سال دوم کی توسیع موقوف ہوگی۔

(۵) تخصص فی الافتاء ( سال اول و سال دوم ) کے طلبہ کا تمرین کا پرچہ الگ سے نہیں ہوگا؛ بلکہ سال بھر کی لکھی ہوئی تمرین فناوی کی کاپی ہی پر نمبرات دیے جائیں گے، ان کا پیوں کی جانچ بذریعہ اہتمام ہو گی ، ۱۵ رجب تک تمرین کی کاپیاں اہتمام میں پیش کرنا لازم ہوگا۔

(۶) تخصص فی الافتاء سال دوم کے طلبہ کے لیے کم از کم ۵۰ صفحات پر مشتمل تفصیلی فتوی یا کسی فقہی موضوع پر تحقیقی مقالہ لکھ کر ۱۵ ؍ رجب تک اہتمام میں پیش کرنا ضروری ہے، اس کی جانچ بذریعہ اہتمام ہوگی اوراس پر نمبرات بھی دیے جائیں گے۔

(۷) نئے نصاب کے مطابق تخصص سال اول اور سال دوم کے پرچے الگ الگ ہوں گے ۔

نوٹ:  تخصص فی الافتاء کے بعد کسی درجے میں داخلہ نہیں هوگا، البته تدريب فى التدريس مستثنی ہے۔

 

مطالعہ شامی

حسب تجویر مجلس تعلیمی منعقده ۲ شعبان المعظم ۱۴۴۲ھ تکمیل افتاء سے فارغ معیاری نمبرات سے کامیاب ہونے والے خواہش مند ۲ طلبہ کا حسب سابق بذریعہ انٹر ویو شعبہ مطالعہ شامی میں داخلہ لیا جائے گا، اور اس کا نصاب دو سالہ ہو گا اور ان طلبہ کو چار ہزار روپیے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

 

تکمیل ادب

(۱) حسب تجویز مجلس شوری ربیع الثانی ۱۴۳۴ ھ تکمیل ادب میں ۶۰ طلبہ کا داخلہ ممکن ہوگا۔

(۲) حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده ۸ / جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ھ تکمیل ادب میں صرف وہ فضلاء داخلہ کے امیدوار بن سکیں گے جن کا دورہ حدیث کے سالانہ امتحان میں اوسط کامیابی ۸۲ / ہو اور وہ کسی کتاب میں نا کام نہ ہوں۔

(۳) حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده ۸ / جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ ھ ایک تکمیل کے بعد دوسری تکمیل (علاوہ افتاء) کیلئے ضروری ہوگا کہ امیدوار نے سابقہ تکمیل میں کم از کم ۸۴ / اوسط حاصل کیا ہو اور وہ کسی کتاب میں نا کام نہ ہو۔

 

تخصص فی الادب

تکمیل ادب میں ممتاز نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ ہی تخصص فی الادب کیلئے امیدوار بن سکتے ہیں ان امیدوارں میں سے صرف پانچ طلبہ اپنے اعلیٰ نمبرات کی بنا پر منتخب ہونگے۔

تخصص فی الادب اور تکمیل ادب میں داخلہ کی درخواست دینے کی آخری تاریخ ۲۳ شوال ہے۔

نوٹ اس تخصص کے بعد صرف تدريب في التدريس، تخصص في الحديث اور تکمیل افتاء میں داخلہ ہو سکتاہے۔

 

تکمیل تفسیر و تکمیل علوم

(۱) حسب تجويز مجلس شورى صفر المظفر ۱۴۳۳ه تكميل تفسیر اور تکمیل علوم میں صرف پچاس پچاس طلبہ کاداخلہ ممکن ہوگا۔

(۲) حسب تجویر مجلس تعلیمی منعقده ۸/ جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ھ تکمیل تفسیر اور تکمیل علوم میں دورہ حدیث سے آنے والے طلبہ کا سالانہ اوسط ۸۲ ہونا لازم ہے۔ دیگر تکمیل سے تفسیر و علوم میں آنے والے طلبہ کا اوسط ۸۴ ہونا لازم ہے۔ تمام تکمیلات میں مقررہ تعداد بذریعہ تقابل پوری کی جائیگی۔

تکمیل تفسیر و علوم  میں داخلہ کی درخواست دینے کی آخری تاریخ ۲۵ شوال ہے۔

 

تخصص في الحديث

(۱) تخصص فی الحدیث کے شعبہ میں بھی دیگر جمیلات کی طرح فضلائے دارالعلوم دیوبند ہی کا داخلہ ہو سکے گا۔

(۲) ہر سال تخصص کے سال اول میں پانچ طلبہ کا داخلہ ہوگا اور ان ہی طلبہ کو داخلہ کا استحقاق ہوگا جو دورہ حدیث میں اعلی سے اعلی نمبرات سے کامیاب ہوئے ہوں نیز جو طلبہ تکمیل ادب میں بھی ممتاز نمبرات لاچکے ہوں ان کو ترجیح دی جائے گی۔ سال اول میں ان کی کار کردگی اطمینان بخش ہونے کی صورت میں سال دوم میں ترقی دی جائیگی۔

تخصص فی الحدیث  میں داخلہ کی درخواست دینے کی آخری تاریخ ۲۴ شوال ہے۔

نوٹ : الف: افتاء، ادب، اور تخصص فی الحدیث کے طلبہ کے لئے امتحان سالانہ میں شرکت کے لئے ۸۰ فیصد حاضری لازم ہے۔

ب:  تکمیلات میں داخلہ کے امیدوار طلبہ دفتر تعلیمات سے 10 روپے میں مطبوعہ درخواست فارم لے کر مقررہ وقت میں پر کر کے جمع کریں۔ کسی دوسرے کاغذ پر یا مقررہ وقت کے بعد درخواست نہیں لی جائے گی۔

 نوٹ: کسی بھی تخصص یا تکمیل میں داخلہ کیلئے مقررہ اوسط حاصل کرنا ضروری ہے اسکے بغیر کسی امیدوار کو کوئی رعایت نہیں دی جائیگی۔

 

شعبہ جات

شعبۂ انگریزی زبان و ادب

(۱) اس شعبہ میں داخلہ کیلئے دورۂ حدیث سے فارغ امیدواروں کا اوسط کامیابی حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده ۸/ جمادی الثانیه ۱۴۴۳ھ ۷۸ اور تکمیلات و شعبہ جات سے آنے والوں کیلئے اوسط کامیابی ۸۰ ضروری ہوگا۔

(۲) اُمیدوار فضلائے دار العلوم کا بذریعہ امتحان تفریری و تحریری ( حدیث، تفسیر، فقہ ، عربی زبان وغیرہ میں) دو سال کیلئے انتخاب عمل میں آئیگا۔ جن کی تعداد ۲۰ ہوگی۔

(۳) داخل طلبہ کے لئے مدرسہ کے تعلیمی اوقات کے علاوہ خارج اوقات میں بھی حاضر رہ کر اپنے کام میں مشغول رہنا ضروری ہوگا۔

نوٹ:- شعبہ انگریزی میں حسب تجویز مجلس شوری منعقد ہ ۱۶، ۱۷ شعبان ۱۴۳۷ ھ ہر سال داخلہ ہوگا۔

شعبہ کمپیوٹر ( ٹریننگ سینٹر )

حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقدہ ۸/ جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ ھ شعبہ کمپیوٹر میں داخلہ کے لئے دورہ حدیث سے ۷۸ اوسط اور تکمیلات سے ۸۰ اوسط لانے والے طلبہ ہی امید وار بن سکیں گے ۔

(۱) اس شعبہ میں ہر سال ۲۰ طلبہ کا داخلہ عمل میں آتا ہے، جس میں حسب سہولت اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

(۲) داخلہ کے لیے تحریری انٹرویو میں کامیابی ضروری ہے ۔ امیدواروں کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں اعلی نمبرات اور اختبار شفاہی میں کامیابی پر انتخاب کا انحصار ہوگا۔ انگریزی، ہندی اور حساب کے مبادیات کا علم لازمی ہے۔

(۳) تعلیمی اوقات کے علاوہ خارج اوقات میں بھی حاضر رہ کر اپنے کام میں مشغول رہنا ہوگا۔

شعبہ تحفظ سنت

(۱) اس شعبہ میں ۱۵ فضلائے دارالعلوم کا داخلہ ہو سکے گا حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده ۸/ جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ ھ امیدواروں کے لئے امتحان سالانہ میں ۷۸ اوسط حاصل کرنا شرط ہوگا۔

(۲) اوائل ذی قعدہ میں داخلہ ہوگا اور امید واروں کی تقریری و تحریری صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

(۳) داخل طلبہ کے لیے اوقات مدرسہ کے علاوہ خارج اوقات میں حسب ہدایت درسگاہ میں حاضر رہ کر مطالعہ وغیرہ میں مصروف رہنا ضروری ہوگا۔

شعبہ تحفظ ختم نبوت

(۱) اس شعبہ میں حسب تجویز مجلس شوری منعقده ۱۵-۱۶ صفر المظفر ۱۴۳۹ھ مطابق ۶،۵ نومبر ۲۰۱۷ء حسب شرائط دس فضلائے دارالعلوم کا داخلہ ہو سکے گا حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده ۸ / جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ ھ امیدواروں کے لیے امتحان سالانہ میں ۷۸ اوسط حاصل کرنا شرط ہو گا۔

(۲) اوائل ذی قعدہ میں داخلہ ہوگا اور امید واروں کی تقریری و تحریری صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

(۳) داخل طلبہ کے لیے اوقات مدرسہ کے علاوہ خارج اوقات میں حسب ہدایت درسگاہ میں حاضر رہ کر مطالعہ وغیرہ میں مصروف رہنا ضروری ہوگا۔

شعبہ تحقیق و صحافت شیخ الہند اکیڈمی

(۱) اس شعبہ میں داخل طلبہ کی تعداد  ۱۰ ہوگی اور ان سب کا دورہ حدیث سے فارغ ہونا ضروری ہوگا۔ حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقدہ ۸ / جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ ھ امیدواروں کے لئے امتحان سالانہ میں ۷۸ اوسط حاصل کرنا شرط ہو گا۔

(۲) داخلہ کے لیے تحریری و تقریری امتحان ہوگا، تحریری صلاحیت کی بنیاد پر نمبرات دیے جائیں گے اور نمبرات ہی کی روشنی میں مستحق قرار دیا جائے گا۔

(۳) داخل طلبہ کے لیے مدرسہ کے پورے اوقات کے علاوہ خارج اوقات میں بھی حاضر رہ کر اپنے کام میں مشغول رہنا ضروری ہوگا۔

(۴) سالانہ امتحان میں اول دوم پوزیشن حاصل کرنے والے دو طلبہ کو سال دوم میں داخلہ دیا جائے گا۔

(۵) اس شعبہ میں داخلے کے امیدوار طلبہ دفتر تعلیمات سے مطبوعہ درخواست حاصل کر کے پُر کریں اور حسب اعلان متعینہ تاریخ تک درخواست جمع کر دیں، تاریخ وغیرہ سے متعلق اعلان ماہ شوال میں آویزاں کیا جائے گا۔

شعبہ مطالعہ عیسائیت و دیگر مذاہب

(۱) اس شعبہ میں دس فضلائے دار العلوم کا داخلہ ہو سکے گا حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده ۸ / جمادی الثانیہ ۱۴۴۳ ھ امیدواروں کے لیے امتحان سالانہ میں ۷۸ اوسط حاصل کرنا شرط ہو گا۔

(۲) داخلے سے پہلے عیسائیت اور دیگر مذاہب سے متعلق اسلامی معلومات کا تحریری و تقریری جائزہ لیا جائے گا۔

(۳) داخل طلبہ کے لیے اوقات مدرسہ کے علاوہ خارج اوقات میں حسب ہدایت درسگاہ میں حاضر رہ کر مطالعہ وغیرہ میں مصروف رہنا ضروری ہوگا۔

شعبہ تجوید حفص اردو، عربی

(۱) حفص اردو کا نصاب دو سالہ ہے سال اول میں جدید داخلے ہوں گے، اس شعبہ میں وہ طلبہ داخل ہوسکیں گے جو حافظ ہوں، قرآن کریم ان کو یاد ہو اور وہ اردو کی اچھی استعداد بھی رکھتے ہوں؛ سال دوم صرف قدیم طلبہ کے لیے ہے۔

(۲) وہ طلبہ جو حفظ قرآن کر چکے ہوں اور اردو اچھی طرح پڑھنا جانتے ہوں ان کے لئے حفظ قرآن، نیز اردو کی پہلی، دوسری کتاب از مولوی محمد اسماعیل صاحب میرٹھی، عبارت خوانی کا امتحان دینا لازم ہو گا۔

(۳) حفص اردو میں داخلہ کے امیدواروں کا حساب ( جوڑ، گھٹاؤ ، ضرب تقسیم ) کا امتحان تحریری ہوگا۔ مقررہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر بقیہ تقریری امتحان ہوگا۔

(۴) حفص اردو قدیم و جدید میں اجرائے امداد کے لیے ۷۰ اوسط ، اور بقائے امداد کے لیے ۶۰  اوسط لا نا لازمی ہوگا۔

(۵) درجہ حفص عربی میں ان طلبہ کو داخل کیا جائیگا، جنھیں قرآن کریم یا د ہو اور وہ عربی میں سال سوم کی تعلیم حاصل کر چکے ہوں ۔

(۶) حسب تجویز مجلس تعلیمی حفص عربی میں اجرائے امداد کے لیے ۷۰ اوسط لانا اور بقائے امداد کے لیے ۶۰ اوسط لانا شرط ہوگا۔

(۷) ان طلبہ کی پورے اوقات مدرسہ میں حاضری ضروری ہوگی۔

نوٹ: حفص عربی میں داخلہ کے لیے عربی سوم کی کتاب کافیہ کا تحریری امتحان ہوگا، اس میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی باقی امتحان ہوگا، یہ امتحان ۸ شوال مطابق  ۱۸ اپریل ۲۰۲۴ء میں چہارم مطلوب کے طلبہ کے ساتھ ساتھ ہوگا۔

شعبہ قراءات سبعہ وعشره

(۱) اس درجہ میں داخلے کے لیے حافظ ہونا ضروری ہے اور یہ کہ وہ عربی کی سال چہارم تک کی جید استعداد رکھتے ہوں۔

(۲) اس درجہ میں داخل طلبہ کے لیے حفص عربی سے فارغ ہونا ضروری ہے۔

(۳) درجہ قراءات عشرہ میں داخلے کے لئے قرآت سبعہ کا پڑھا ہوا ہونا ضروری ہو گا اور سال چہارم تک کی جید استعداد ہونا ضروری ہوگا۔ ان کی تعداد دس سے زائد نہ ہوگی اور ان دس کی امداد مع وظیفہ خصوصی جاری ہو سکے گی۔

نوٹ: درجہ قراءات عشرہ کا نصاب حسب تجویز مجلس تعلیمی منعقده ۶ رشعبان المعظم ۱۴۴۴ھ سر دست ایک سال کا ہی باقی رکھا گیا ہے۔

(۴) حسب تجویر مجلس تعلیمی مذکورہ بالا قرآة سبعہ عشرہ میں اجرائے امداد کے لیے ۷۰ اوسط لانا اور بقائے امداد کے لیے ۶۰ اوسط لانا شرط ہوگا۔

نوٹ: شعبہ جات میں سے کسی بھی شعبے سے فارغ کا داخلہ دار العلوم دیو بند کے کسی شعبے یا تکمیل میں نہیں ہو سکے گا۔

نوٹ: سبعہ وعشرہ میں داخلہ کے لیے چہارم عربی کی کتاب ترجمہ قرآن کریم (سورۃ یوسف تا سورۃ ق ) کا تحریری امتحان ہوگا، اس میں مقرر کردہ معیار کے مطابق کامیاب ہونے پر ہی باقی امتحان ہوگا ، یہ امتحان ۹ / شوال ۱۴۴۵ ھ مطابق ۱۹ اپریل ۲۰۲۴ ء جمعہ میں پنجم عربی مطلوب کے طلبہ کے ساتھ ساتھ ہوگا۔

درجہ حفظ

شعبہ حفظ میں داخلہ صرف مقامی نابالغ بچوں کا یا پھر ان بچوں کا ہو گا جن کے سرپرست دیوبند میں سالہا سال سے مقیم ہوں، اور داخلہ بشرط گنجائش ماہ محرم کے آخر تک لیا جائے گا۔ مقررہ تعداد سے زائد کسی بچے کا داخلہ ممکن نہ ہوگا۔ اور درمیان سال میں صرف دار العلوم کے شعبہ ناظرہ سے فارغ بچوں کا حفظ میں داخلہ ہو سکے گا۔ درجہ حفظ کے طلبہ کو درسگاہ یا دار الاقامہ میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔

درجه ناظره

صرف مقامی نابالغ بچوں کا داخلہ ہو گا۔ یا پھر ان بچوں کا داخلہ ہو سکے گا جن کے سرپرست دیوبند میں سالہا سال سے مقیم ہوں۔ ان کو درسگاہ یا دار الاقامہ میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔ اور داخلہ بشرط  گنجائش پورے سال جاری رہتا ہے۔

درجہ دینیات، اردو، فارسی

(۱) شعبہ دینیات اردو، فارسی میں صرف دار العلوم کے اساتذہ و ملازمین کے بچوں اور مقامی بچوں کا داخلہ لیا جائے گا۔

(۲) دینیات کے درجہ اطفال میں بھی صرف مقامی بچوں کا داخلہ ہوگا، اور داخلہ بشرط گنجائش ہر وقت ممکن ہو گا۔

(۳) دینیات کے بقیہ درجات میں داخلہ ذی الحجہ کی تعطیل تک کیا جائے گا، اس کے بعد داخلہ نہیں کیا جائے گا۔

شعبہ خوش نویسی

(۱) اس درجہ میں داخل طلبہ کی تعداد ۳۰ تک ہو گی اور ان کی صرف امدا د طعام جاری ہو سکے گی۔

(۲) داخلہ کے امیدواروں میں فضلائے دارالعلوم دیو بند کو ترجیح دی جائے گی۔

(۳) شعبہ میں داخلہ کے امیدواروں کو امتحان دینا ضروری ہوگا اور صرف اس فن کی ضروری صلاحیت رکھنے والوں کو داخل کیا جائے گا۔

(۴) قدیم طلبہ اگر فن کی تکمیل نہیں کر سکے ہیں تو ناظم شعبہ کی تصدیق اور سفارش پر ان کا مزید ایک سال کے لیے غیر امدادی داخلہ کیا جائیگا، بشرطیکہ کوئی شکایت نہ ہو۔

(۵) جو طلبہ مکمل امدادی یا غیر امدادی داخلہ لیں گے ان کو اوقات مدرسہ میں پورے چھ گھنٹے درس گاہ میں بیٹھ کر مشق کرنا ضروری ہوگا۔

(۶) جو طلبہ عربی تعلیم کے ساتھ کتابت کی مشق کر چکے ہوں اور ناظم شعبہ ان کی صلاحیت کی تصدیق کریں تو دورہ حدیث کے بعد داخلہ اور امداد میں انکو ترجیح دی جائیگی۔

(۷) تمام طلبہ کے لیے طالب علمانہ وضع اختیار کرنا ضروری ہوگا۔

(۸) پہلے نصف سال میں مقررہ تمرینات کی تعمیل نہ کی گئی تو داخلہ ختم کر دیا جائیگا۔

(۹) اس شعبہ میں دوسرے مدارس سے پڑھ کر آنے والے طلبہ کا داخلہ بھی ممکن ہو گا۔ اس کے لیے ان کو انٹر ویو دینا ہوگا اور جس مدرسہ سے پڑھ کر آئے ہیں وہاں کی کسی معتبر شخصیت کا تحریر کردہ اخلاقی سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔

نوٹ: امتحان داخلہ کا اعلان وقت پر ہوگا۔

شعبہ دار الصنائع

(1) اس شعبہ میں دس سے زائد کا داخلہ نہ ہو سکے گا۔ اور ان سب کی صرف امدا د طعام جاری ہو سکے گی۔

(۲) طالب علمانہ وضع قطع کے بغیر داخلہ نہیں لیا جائے گا۔

(۳) معلم دار الصنائع جن کی صلاحیت کی تصدیق کریں گے ان کو داخل کیا جائیگا۔

(۴) اوقات مدرسہ میں پورے وقت حاضر رہ کر کام کرنا ضروری ہوگا۔

(۵) پہلے تین ماہ میں کام کی تکمیل نہ کی گئی تو داخلہ ختم کر دیا جائے گا۔

 

ضروری ہدایات

(۱) درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ کے تمام کالم سوچ سمجھ کر صحیح صحیح پُر کریں۔
(۲) داخلہ ہونے کے بعد جو فارم داخلہ دیا جائیگا اسکی خانہ پری بہت سوچ سمجھ کر سر کاری کاغذات کے مطابق کریں۔ اپنا نام اپنے والد کانام اور پتہ بالکل صحیح اورمکمل لکھیں ۔
(۳)اپنی تاریخ ولادت بالکل درست لکھیں۔ کارپوریشن ، نگر پالیکا یا گرام پنچایت کی مصدقہ تحریر کے مطابق اپنی تاریخ ولادت کا اندراج کریں۔ بعد فراغت جو سند دی جائیگی اس میں یہی نام، ولدیت، پتہ، اور تاریخ ولادت درج ہوگی۔

 

ہدایات برائے امتحان داخلہ

(۱) پرچہ شروع ہونے سے قبل دو گھنٹے بجتے ہیں۔

(الف) پہلا گھنٹہ سات بجے ہوگا، اس گھنٹہ پر طلبہ امتحان ہال میں پہنچ کر اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔

(ب) دوسرا گھنٹہ ساڑھے سات بجے ہوگا، یہ گھنٹہ پورا ہونے کے بعد کسی بھی طالب علم کا داخلہ امتحان ہال میں ممنوع ہوگا۔

(ج) جن طلبہ کا جس روز امتحان نہ ہو وہ اس روز امتحان گاہ میں نہ آئیں۔

(۲) طلبہ عزیز ضروریات بشریہ سے فارغ ہو کر آئیں۔ شروع کے پہلے اور آخری گھنٹہ میں پیشاب وغیرہ کیلئے اٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ البتہ دوسرے اور تیسرے گھنٹہ میں سخت مجبوری کی حالت میں اجازت ہوگی ، مگر اپنے امتحان کے کمرہ کے معاون سے ٹکٹ لئے بغیر ہرگز نہ جائیں ۔ اور امتحان بال سے باہر نہ نکلیں ، بیت الخلاء اندرون امتحان ہال ہی بنے ہوئے ہیں۔

(۳) ساده کاغذ ، اخبارات یا دیگر کاغذات نیز موبائل یا اسمارٹ واچ ( گھڑی ) ہمراہ لے کر امتحان گاہ میں نہ آئیں۔ اگر کوئی طالب علم مو بائل یا اسمارٹ واچ ( گھڑی ) کے ساتھ امتحان گاہ میں پکڑا گیا تو اس دن کا پرچہ سوخت کر دیا جائے گا۔

(۴) امتحان میں شرکت کیلئے شرعی وضع قطع کا ہونا لازمی ہے، اگر کوئی طالب علم مقطوع اللحیہ ہوگا تو امتحان سے اٹھا دیا جائے گا۔

(۵) پرچہ سوالات پر ہرگز کچھ نہ لکھیں ایسی صورت میں نقل کرانا تسلیم کرتے ہوئے امتحان سوخت کر دیا جائے گا۔

(۶) کاپی کا کوئی ورق ہر گز نہ پھاڑئیے۔ کاپی کے اندر اپنا نامی فارم نمبر لکھیں اور نہ کوئی ایسی علامت بنائیں جس سے کاپی پہچان میں آسکے ۔ اس صورت میں اس پرچے کے نمبر صفر شمار کئے جائیں گے۔

(۷) امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ اپنی کاپی کو دوسروں کی نگاہ سے بچا کر اس طرح لکھیں کہ کوئی طالب علم اس کی نقل نہ کر سکے، اگر ایسا پایا گیا تو نقل کرنے والے اور جس کی نقل کی جارہی ہے، دونوں کا امتحان سوخت کر دیا جائے گا، اور آئندہ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(۸) امتحان بال میں اجازت نامہ لے کر آنا ضروری ہو گا ورنہ امتحان گاہ سے اٹھایا بھی جاسکتا ہے۔

(۹) واضح ہو کہ امتحان گاہ جدید ( شیخ الہند) لائبریری کا تہہ خانہ ہے۔

داخلوں کے بارے قواعد و ضوابط، طریقہ کار، نصاب کا کتابچہ ڈاؤلوڈ کریں

یہاں کلک / ٹیپ کریں

شیئر کریں

رائے

فہرست

اپڈیٹ شدہ

اشتراک کریں

سبسکرائب کریں

نئے اپڈیٹس بارے معلومات حاصل کریں۔ اپنا ای میل ایڈریس درج کریں اور سبسکرائب بٹن دبائیں۔ شکریہ

سوشل میڈیا

مشہور مدارس